ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل: اتی کرم دکان کی چھت نکالنے کے دوران فوریسٹ افسر اور مقامی لوگوں کے درمیان زبانی جھڑپ

بھٹکل: اتی کرم دکان کی چھت نکالنے کے دوران فوریسٹ افسر اور مقامی لوگوں کے درمیان زبانی جھڑپ

Wed, 29 Sep 2021 18:32:33    S.O. News Service

بھٹکل : 29؍ستمبر(ایس اؤ نیوز) تعلقہ کے ہیبلے گرام پنچایت حدودکے گاندھی نگر میں ایک دکان کی خستہ حالت   چھت  کی  درستگی کرنے کی اطلاع ملنے پر جائے وقوع پر پہنچے فوریسٹ افسر اور مقامی لوگوں کے درمیان زبانی جھڑپ چھڑ گئی۔

اطلاع کے مطابق فوریسٹ زمین کو اتی کرم کرکے دکان تعمیر کئے جانے کی شکایت پر فوریسٹ افسر سویتا دیواڑیگا اپنے عملے کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچی اور اہلکاروں نے چھت کو لگائے جارہے شیٹ نکالنے لگے۔ عین وقت پر بھوانی شنکر نے واقعہ کی وڈیو گرافی کرنا شروع کردیا جس پر فوریسٹ افسر سویتا دیواڑیگا نے اعتراض جتاتے ہوئے سخت لہجہ میں بات کرتے ہوئے اسے دفتر آکر بات کرنے کو کہا۔ افسر کے رویہ سے مشتعل  بھوانی شنکر اور لوگوں نے افسر کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ ’’عزت دو اور عزت لو، مجھے بھی سخت لہجے میں بات کرنا آتا  ہے۔ فوریسٹ افسر سویتا دیواڑیگا نےپلٹ کر اس بات کا الزام لگایا کہ آپ لوگ ’’ہمارے کام رکاوٹ پیدا کررہے ہو‘‘ بھوانی شنکر نے کہاکہ ’’ ہم میں سے کوئی بھی تمہارے کام میں رکاوٹ پیدا نہیں کررہے ہیں، جس دکان کی چھت کو درست کیا جارہا ہے وہ پرانی دکان ہے، بارش کی وجہ سے چھت خراب ہوگئی تھی اسی کی مرمت کی جارہی ہے، بھوانی نے سوال کیا کہ اس چھت کو نکال باہر کرنا کہاں تک صحیح ہے؟ بھوانی نے یہ بھی کہا کہ میں آپ سے کوئی بات کئے بنا  وڈیو بنا رہاتھا، کیا وڈیو کرنا غیر قانونی ہے ؟ زبانی جھڑپ سے کچھ دیر کے لئے پیچیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔

اس کے بعد فوریسٹ اہلکاروں  نے بغیر کسی لاگ و لپیٹ کے چھت کو لگائے گئے شیٹ کو نکال دیا اور وہاں سے چلے گئے ۔ فوریسٹ زمین کو اتی کرم کرتے ہوئےتعمیر کی گئی  بڑی بڑی عمارتوں کو پوچھے بغیر غریب لوگوں پر اپنا رعب دابنے کا الزام لگاتے ہوئے مقامی لوگوں نے افسر کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہارکیا۔


Share: